عالمی شہرت یافتہ نعت خواں ڈاکوؤں کے ہاتھوں لُٹ گئے
Shahid Imran Arfi
فائل فوٹو
شکارپور:(ویب ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ نعت خواں شاہد عمران عارفی کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ نعت خواں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اس وقت لُٹ گئے جب وہ ایک پروگرام سے اپنی کار پر ساتھیوں کے ہمراہ واپس جارہے تھے۔

یہ افسوسناک واقعہ گڑھی یاسین کے قریب ہمایوں تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے نعت خواں کی گاڑی کو روک کر اسلحے کے زور پر انہیں ساتھیوں سمیت یرغمال بنا لیا۔

پولیس نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں نے ان سے 5 قیمتی موبائل فون، ایک لاکھ روپے نقدی اور ان کی گاڑی چھین لی ہے۔اس کے بعد ڈاکو موقع واردات سے تیزی سے فرار ہو گئے۔

واضح رہے کہ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور علاقے میں ڈاکوؤں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایک عالمی شہرت یافتہ  نعت خواں کے ساتھ پیش آنے والے اس سنگین واقعے پر مداحوں اور مختلف حلقوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

شاہد عمران عارفی کی زندگی اور کام کو سراہتے ہوئے مختلف شخصیات نے ان کے ساتھ ہونے والی واردات کی مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرے۔