
امریکی خاتون اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں کرسی ڈال کر بیٹھ گئی، اپارٹمنٹ کی یونین نے واپس جانے کا کہا لیکن خاتون نے انکار کر دیا، امریکی خاتون کی موجودگی کے باعث گارڈن کے مذکورہ اپارٹمنٹ میں لوگوں کو رش لگ گیا۔ تاہم 19 سالہ نوجوان اور اس کے اہلخانہ گھر پر تالا ڈال کر کہیں چلے گئے ہیں جبکہ خاتون واپسی کے لیے لڑکے سے ملاقات اور امریکی ڈالرز کی ادائیگی کا مطالبہ کرتی رہی۔
اس سے قبل خاتون کو وطن واپس بھیجنے کے لیے امریکی قونصلیٹ کی دورکنی ٹیم کراچی ایئرپورٹ پہنچی، ٹیم نے خاتون سے بات چیت کی تاکہ اسے امریکا بھیجنے پر آمادہ کیا جاسکے۔ تاہم خاتون امریکا واپس جانے سے مسلسل انکار کرتی رہی، امریکی قونصلیٹ کی ٹیم کا کہنا تھا کہ خاتون کو واپس بھیجنے کے لیے زبردستی نہیں کرسکتے۔
قبل ازیں، امریکی خاتون کو قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 611 سے صبح 10 بجےامریکا بھیجنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر خاتون نے ایئرپورٹ پر شورشرابہ کیا جس کے بعد اسے پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کسی صورت واپس جانے پر راضی نہیں ہورہی تھی جس سے پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔