عدالت پیشی کے موقع پر اسد عمر کی طبعیت بگڑ گئی
Asad Umar is being carried away by his colleagues after suffering a heart attack
لاہور: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی طبیعت بگڑ گئی، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو کمرہ عدالت سے اٹھا کر مرکزی گیٹ پر موجود گاڑی میں پی آئی سی منتقل کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما زین قریشی بھی ہمراہ تھے۔ وکیل اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسد عمر کو دل میں تکلیف ہوئی ہے۔

اسد عمر کا پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں علاج جاری ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اسد عمر کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا، ان کی ایک ای سی جی بالکل ٹھیک آئی ہے۔ اسد عمر اس وقت ڈاکٹرز اور رہنماؤں سے بات چیت کر رہے ہیں۔

یاد رہے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلانے، عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت پیش ہوئے۔

 اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی اور 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت ختم ہونے پر اسد عمر بھی عدالت پہنچے تھے۔