پی ٹی اے سے موبائل رجسٹرڈ کروانے پر کتنا ٹیکس؟
PTA Mobile Registration
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا غیر ملکیوں کے ذریعے لائے جانے والے موبائل فونز کی رجسٹریشن اب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذریعے لازمی قرار دی گئی ہے۔

اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے موبائل فون پر عائد کردہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی ادائیگی بھی لازمی ہے۔

واضح رہے کہ موبائل فونز کی رجسٹریشن کا عمل ڈیوائس آئیڈینٹیفیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے مکمل ہوتا ہے،جو پاکستان میں غیر قانونی موبائل ڈیوائسز کی شناخت اور بلاک کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ نظام قانونی موبائل ڈیوائسز کو خود بخود رجسٹر کرتا ہے اور غیر قانونی ڈیوائسز کو بلاک کرنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔اس سے نہ صرف قانونی ڈیوائسز کا استعمال فروغ پاتا ہے، بلکہ موبائل نیٹ ورک پر خدمات کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔

پاکستانی موبائل صارفین کو یہ جان کر خوشی ہو گی کہ پی ٹی اے اور ایف بی آر نے موبائل فونز پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے ایک آن لائن کیلکولیٹر بھی متعارف کرایا ہے۔

ایف بی آر کی ویب سائٹ پر جا کر آپ اپنے موبائل فون کے IMEI نمبر کو درج کر کے متعلقہ ٹیکس اور ڈیوٹیز کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں ایف بی آر کی جاری کردہ ٹیبل کے ذریعے بھی آپ موبائل فونز پر عائد ٹیکس اور ڈیوٹیز کا حساب لگا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ اقدام قانونی ڈیوائسز کے استعمال کو یقینی بنانے اور نیٹ ورک کی سکیورٹی میں بہتری لانے کیلئے کیا گیا ہے۔