نوٹوں کی یہ بارش نہ صرف علاقے میں گفتگو کا موضوع بنی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، تحصیل سمبڑیال کے گاؤں بکھڑے والی کے رہائشی عمران کی بارات نکلی تو دولہے کے اسپین اور کینیڈا سے آئے بھائیوں نے نوٹ برسانے کی روایت کو ایک نیا انداز دے دیا۔ راستے میں کرنسی کی بارش کرتے ہوئے بارات جب شادی ہال پہنچی تو ہال کے اندر کرنسی لٹانے کے لیے ایک خصوصی کنٹینر کا اہتمام کیا گیا تھا۔
نوٹوں کی بارش کے دوران دور دراز کے علاقوں سے نوجوان ٹولیوں کی شکل میں پہنچ گئے جنہوں نے گرنے والے نوٹوں کو جمع کرنے کے لیے خوب بھاگ دوڑ کی۔
اٹلی سے آئے دولہے عمران کے مطابق ان کے بھائیوں نے شادی میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی کی صورت میں 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اڑائی۔
نوٹوں کی بارش کی ویڈیوز نے علاقے میں شادی کی دھوم مچا دی اور سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ کچھ لوگوں نے اس عمل کو فضول خرچی قرار دیا جبکہ دیگر نے اسے خوشی کا منفرد طریقے سے اظہار کا طریقہ قرار دیا۔
یہ شادی نہ صرف اپنی کرنسی کی برسات کی وجہ سے مشہور ہوئی بلکہ اس نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اپنی خوشیوں کو منفرد انداز میں منانے کے رجحان کو بھی اجاگر کیا۔