پی ٹی آئی نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا،مولانا فضل الرحمان
Molana Fazal ur Rehman President JUI
مولانا فضل الرحمان/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے ہمیں بالکل بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری پر حقائق سامنے آنے چاہئیں،جبکہ معیشت کی بہتری کے صرف اشارے ہی مل رہے ہیں،ملکی معیشت کی بہتری ہماری سب کی خواہش اور آرزو ہے، عوام کو ثمرات ملیں گے تو ہی ثابت ہوگا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک روپے کی قدر میں بہتری نہیں آئے گی اور روپیہ مضبوب نہیں ہوگا،تب تک عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکے گا۔

سینئر سیاستدان اورممبر قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان نے مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مذاکرات کے حوالے سے ہمیں بالکل اعتماد میں نہیں لیا، ہمیں کسی چیز کا بھی علم نہیں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اور کیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں پر افسوس ہوتا ہے کہ وہ سمجھوتہ کرلیتے ہیں، ملک کا نظام بہتر کرنے کیلئے ایک جگہ پر ٹھہرنا ہوگا،کالا باغ ڈیم اور پنجاب کی طرف سے نئی نہروں کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تمام معاملات قومی اتفاق رائے سے حل ہونے چاہئیں۔