بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے بارش برسانے والے سسٹم کی 14 جنوری کو پاکستان میں داخل ہونے کی پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات کی بارش برسانے والے سسٹم کی پیشگوئی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے بارش برسانے والے سسٹم کی 14 جنوری کو پاکستان میں داخل ہونے کی پیشگوئی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق بادلوں کے سسٹم کے آنے سے بارش ہوگی اور دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح، رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

دوسری طرف حد نگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو کئی مقامات سے بند کر دیا گیا، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور ایم 3 کو سرشام ہی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔ موٹروے متعدد مقامات سے بند ہونے کے ساتھ ساتھ فلائٹ اور ٹرین آپریشن بھی متاثر ہوئے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔