ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار،دھند اور بارش کا امکان
weather forecast in pakistan
بارش کا خوبصورت منظر/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہ سکتی ہے، جس سے حد نگاہ متاثر ہوگی۔ 

جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند کا امکان ہے،جو صبح کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو متاثر کر سکتی ہے۔شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی پنجاب اور مشرقی سندھ کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ان علاقوں میں تیز ہواؤں کے جھکڑ بھی چل سکتے ہیں، جو سردی کی شدت میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ 

پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ سیاحوں کو ان علاقوں میں جانے سے پہلے موسمی حالات سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی کے موسم میں دھند اور بارش کے باعث سانس اور جلد کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے شہری گرم کپڑوں کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیں۔ 

ملک کے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔