
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ڈپلیکیٹ یا کلون موبائل ڈیوائسز کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی ٹی اے حکام نے اِس بات پر زور دیا ہے کہ شہریوں کو ہمیشہ مستند اور قابل اعتماد دکانداروں سے موبائل فونز خریدنے چاہیے، موبائل خریدتے وقت یہ یقینی بنائیں کہ ان کی وارنٹی موجود ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو بتایا ہے کہ وہ ہمیشہ ڈبا پیک نئے موبائل فونز خریدیں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ فون کا ای ایم ای آئی نمبر اس کے ڈبے پر موجود نمبر سے ملتا ہے اور ڈبے پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی مستند اسٹیمپ موجود ہو۔
پی ٹی اے نے ہدایت کی کہ صارفین ویب سائٹ ہماری ویب سائٹ یا 8484 پر اپنے موبائل فونز کی تصدیق کریں۔ پی ٹی اے نے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگے اور قیمتی فونز خریدنے سے گریز کریں جو انتہائی کم قیمت یا بغیر وارنٹی کے فروخت ہو رہے ہوں۔
پی ٹی اے نے ہدایت دی ہے کہ ہمیشہ نیا ڈبا پیک فون خریدیں، اگر کوئی شخص فراڈ کا شکار ہوچکا ہے تو اس صورت میں متعلقہ دکاندار سے فوری رابطہ کریں اور ایف آئی اے کو بھی اس کی اطلاع دیں تاکہ فراڈیوں کیخلاف کارروائی ہوسکے۔