پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی سے ملاقات کی کوششیں تیز
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کیلئے جیل حکام سے رابطہ کیا ہے۔

پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملاقات کا مقصد مذاکرات کے تیسرے مرحلے سے قبل عمران خان سے رہنمائی حاصل کرنا بتایا جا رہا ہے۔ 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری نے جیل حکام سے ملاقات کیلئے درخواست دی۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ جیل حکام کو واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ آج ملاقات کا دن ہے، اس لیے ملاقات کا بندوبست کیا جائے۔ 

ان کا  مزید کہنا تھا کہ ملاقات کیلئے جیل حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، تاہم تاحال کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔

فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ یہ ملاقات مذاکراتی عمل کیلئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور عمران خان کی رہنمائی کے بغیر مذاکرات کا اگلا مرحلہ مکمل کرنا ممکن نہیں۔ 

دوسری جانب جیل حکام کی جانب سے ابھی تک ملاقات کی اجازت یا وقت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ 

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف رہنماؤں کی یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب مذاکرات کے تیسرے مرحلے کی تیاری ہو رہی ہے۔پارٹی قیادت اس ملاقات کو موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہی ہے۔