عمران خان نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی
بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر علی گوہر نے اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل کا تاثر عمران خان پہلے ہی زائل کر چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

 بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمارے دونوں مطالبات تحریری طور پر حکومتی کمیٹی کو دینے کی اجازت دی ہے، عمران خان نے کہا مذاکرات کے لیے تیسری نشست ضرور ہونی چاہیے، سابق وزیراعظم نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کی ملاقات اگر اس کے بعد نہ کروائی گئی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کی ٹیبل پر اپنے تحریری مطالبات دے دے گی، عمران خان نے کہا کسی دوست ملک سے اگر کوئی دعوت نامہ آیا تو ہم اسے قبول کریں گے، پانی پی ٹی آئی نے یہ بھی اجازت دی ہے کہ اگر کسی دوست ملک کا سربراہ پاکستان آئے اور حکومت کی جانب سے ہمیں دعوت دی جائے تو ہم اسے بھی قبول کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی امریکہ کو ایبسولیوٹلی ناٹ کہا، پاکستان سے کوئی غلط کام کروائے گا تو ان سب کو ایبسولوٹلی ناٹ ہے، جہاں تک ڈیل کا تعلق ہے تو اس کا تاثر عمران خان بھی زائل کر چکے ہیں ہم بھی کہہ چکے اور سب انکار کر چکے، یہ کسی ڈیل کے لیے نہیں ہے، ہم چاہ رہے ہیں ملک اور قوم کے لیے بیٹھیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کی 20 جنوری تک رہائی سے متعلق بات کی کئی مرتبہ تردید کی ہے،  ہمارا رابطہ ضرور اسٹیبلش ہوا تھا، بڑا اچھا رابطہ اسٹیبلش ہو گیا تھا لیکن بات آگے چلی نہیں تھی، مذاکرات باقاعدہ شروع نہیں ہوئے تھے، حکومتی نمائندوں، اسٹیبلشمنٹ یا محسن نقوی کی طرف سے ہمیں کبھی بھی نہیں کہا گیا کہ رہائی کریں گے یا کسی جگہ  منقتل کریں گے، اس موقع تک تو ہم پہنچے ہی نہیں تھے۔