![ملک بھر میں شدید سردی، پہاڑوں پر برفباری،محکمہ موسمیات کی وارننگ weather forecast in pakistan](http://sunonews.tv/enews/2025/January/01-07-25/news_big_images/pakistan_93945023.jpg)
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، جس کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا ہے۔
وادی نیلم کے علاقے اڑنگ کیل، شاردہ، تاوبٹ، گریس اور جاگراں ویلی سمیت وادی لیپہ، داؤ کھن، ریشیاں اور حویلی کے بلند پہاڑ برف کی سفید چادر اوڑھے ہوئے ہیں۔
مظفرآباد میں شدید دھند کے باعث درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ چکار، گنگا چوٹی، لسڈنہ، تولی پیر اور بنجوسہ میں بھی شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جبکہ پیر چناسی سمیت بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے۔خون جما دینے والی سردی نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، اور برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے آبشاریں اور جھیلیں جم گئی ہیں،جبکہ پانی کی ٹینکیاں پھٹنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔
بلوچستان کے اضلاع میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ استور میں درجہ حرارت منفی 13، قلات میں منفی 10 اور کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مری اور گلیات میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ فضا میں خنکی بڑھ گئی ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح درج ذیل ریکارڈ کی گئی:
امریکی قونصلیٹ: 238
فیز 8 ڈی ایچ اے: 233
اڈا پلاٹ: 230
عسکری ٹین: 228
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ بلوچستان اور مری کے علاقوں میں بھی موسم مزید سرد رہنے کی توقع ہے۔
![Image](http://sunonews.tv/enews/2025/January/01-14-25/news_big_images/world_71781853.jpg)
![Image](http://sunonews.tv/enews/2025/January/01-12-25/news_big_images/sports_11420540.jpg)
![Image](http://sunonews.tv/enews/2025/January/01-12-25/news_big_images/technology_47232592.jpg)
![Image](http://sunonews.tv/enews/2025/January/01-12-25/news_big_images/pakistan_55301906.jpg)