عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان؟
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سوات:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اور عمران خان کے قریبی ساتھی علی خان نے عمران خان کی رہائی کیلئے ایک پرامن تحریک ثلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوات پریس کلب میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی خان کا کہنا تھا کہ ہمارا لیڈرعمران خان ایک ناکردہ جرم میں قید ہے، ان کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان کرتا ہوں اور خود اس تحریک کی قیادت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک مکمل طور پر پرامن ہوگی اور اس کا مقصد انصاف کی بحالی ہے۔ 

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ جلد ہی اڈیالہ جیل، سوات اور پشاور میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔ انہوں نے 26 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے کارکنوں اور رہنماؤں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ بے گناہ افراد کی رہائی کیلئے جوڈیشل انکوائری کی جائے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو۔ 

پریس کانفرنس کے دوران علی خان نے کرپشن کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے وعدے ہر حکومت نے کیے، مگر آج تک کوئی بھی حکومت بشمول پاکستان تحریک انصاف اس مسئلے پر مؤثر قانون سازی نہ کر سکی۔ 

انہوں نے عمران خان کے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے جرم کی سزا کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے کبھی کیا ہی نہیں۔ علی خان نے زور دیا کہ عمران خان کی رہائی ان کا مشن ہے اور اس کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ 

واضح رہے کہ یہ اعلان عمران خان کے حامیوں کیلئے ایک نئی امید کا پیغام لے کر آیا ہے، جو ان کی رہائی کے منتظر ہیں۔