
صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم نے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق میدانی علاقوں میں سکول 22 دسمبر سے 31 دسمبر 2024 تک بند رہیں گے جبکہ پہاڑی علاقوں کے سکول 22 دسمبر سے 28 فروری 2025 تک بند رہیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے بھی سرد اور گرم علاقوں کے لیے الگ شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرد علاقوں کے تعلیمی ادارے 16 دسمبر 2024 سے 28 فروری 2025 تک بند رہیں گے، گرم علاقوں کے سکول یکم جنوری سے 10 جنوری 2025 تک بند کیے جائیں گے۔
پنجاب کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز 20 دسمبر 2024 سے ہوگا جو 10 جنوری 2025 تک جاری رہے گا۔ اس سال طلبہ کو 20 دن کی چھٹیاں دی جائیں گی جو عام تعطیلات سے زیادہ ہیں۔
محکمہ تعلیم سندھ نے بھی اعلان کیا کہ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول اور کالج 22 دسمبر 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک بند رہیں گے۔
تعلیمی اداروں کی بندش کے دوران والدین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔