تفصیلات کے مطابق پی آئی اے بورڈ کی ایچ آر کمیٹی آج اہم اجلاس منعقد کرے گی، جس میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی منصوبہ بندی کی جائے گی۔اس منصوبے کی منظوری کے بعد حتمی فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کے ملازمین کی تنخواہوں میں 2015 کے بعد سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معیشت کی خراب صورتحال نے ملازمین کو شدید مشکلات کا شکار کر دیا ہے۔
چند ہفتے قبل پی آئی اے پیپلز یونٹی آف ایمپلائیز (سی بی اے) کے صدر ہدایت اللہ خان نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ مہنگائی کے باعث ملازمین شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں،ان کی مالی مشکلات کا ازالہ تنخواہوں میں اضافے کے ذریعے کیا جانا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ یہ اجلاس ملازمین کیلئے نئی امید کا باعث بن سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ پلان منظور ہو گیا تو پی آئی اے کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ملازمین کا اعتماد بحال ہوگا۔