عمران خان کی مشکلات، ذمہ دار کون؟شوکت یوسفزئی نے بتا دیا
November, 28 2024
پشاور:(سنو نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی کی مرکزی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی بڑھتی ہوئی مشکلات کی اصل وجہ پارٹی کی قیادت کی غلطیاں ہیں۔
ان کے مطابق پارٹی قیادت نے فیصلے کرتے وقت حالات کا درست اندازہ نہیں لگایا، جس کے باعث موجودہ صورتحال پیدا ہوئی۔
بشریٰ بی بی کے اقدامات پر قیادت خاموش:
شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں بشریٰ بی بی کے احتجاج میں شامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے لیے سڑک پر نہ نکلیں تو اور کیا کریں؟ لیکن سوال یہ ہے کہ باقی قیادت نے کیا کردار ادا کیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف کی ہدایت کے باوجود سنگجانی میں دھرنا دینے پر عمل کیوں نہ کیا گیا؟
حکمت عملی میں ناکامی:
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سیاست میں حالات کو دیکھ کر حکمت عملی بنائی جاتی ہے، لیکن پی ٹی آئی کی قیادت نے اس بنیادی اصول کو نظرانداز کیا۔ اگر فیصلے مشاورت سے کیے جاتے تو آج نتائج مختلف ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک سنہری موقع ملا تھا، لیکن ہم نے اپنی غلطیوں سے اسے ضائع کر دیا۔
قیادت کی غیر موجودگی پر سوالات:
شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت کی غیر موجودگی پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران نہ تو پنجاب کی قیادت نظر آئی اور نہ ہی شیر افضل مروت جیسے اہم رہنما موجود تھے۔ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کی حکمت عملی پر بھی انہوں نے تنقید کی۔
پارٹی کو خود احتسابی کی ضرورت:
اپنے بیان کے اختتام پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی کو خود احتسابی کا عمل شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام تر ناکامیوں کی ذمہ داری مرکزی قیادت کو قبول کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔