ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی اڈیالہ جیل سے رہا
Advocate Iman Mazari and her husband Hadi Ali Chatta were released from Adiala Jail after being granted bail by the Anti-Terrorism Court
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے ضمانت منظور ہونے پر ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست منظور کر کے ٹرائل کورٹ کا جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں جوڈیشل کرنے کا حکم سنایا تھا۔

عدالت نے کہا انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج نے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے میں ٹھوس وجوہات بیان نہیں کیں۔

علاوہ ازیں انگلینڈ ٹیم کے روٹ پر ٹریفک میں خلل ڈالنے کے کیس میں گرفتار ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے سامنے پیش کیا گیا، وکلاء نے دلائل میں کہا اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمانڈ کالعدم قرار دیا ہے، عدالت نے بیس بیس ہزار کے مچلکوں پر دونوں کی ضمانت منظور کر لی۔

پولیس نے ہادی علی کو آہنی مکا رکھنے کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود کی عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل کرنے کی استدعا کی۔ ہادی علی کی درخواست ضمانت دائر کی گئی، عدالت نے آج کیلئے نوٹس جاری کیا تاہم بعد ازاں سماعت کر کے ضمانت منظور کرنے کا حکم سنا دیا۔