پی ٹی آئی سینیٹر ثانیہ نشتر سینیٹ کی نشست سے مستعفی
Pakistan Tehreek-e-Insaf (PTI) woman senator Sania Nishtar has resigned from the Senate seat
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون سینیٹر ثانیہ نشتر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی خاتون سینیٹر ثانیہ نشتر نے جنیوا میں بین الاقوامی ادارے میں ملازمت اختیار کرنے کے باعث استعفیٰ دیا۔ ثانیہ نشتر نے اپنا استعفیٰ سینیٹ سیکرٹریٹ کو بجھوا دیا۔ سابق وفاقی وزیر ثانیہ نشتر خیبرپختونخواہ سے 2021ء میں سینیٹر منتخب ہوئی تھیں۔

خیال رہے کچھ روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئینی ترمیم کے دوران رابطے میں نہ رہنے والے سینیٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت مانگی تھی اور ارکان کو 7 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

نوٹسز فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری کیے گئے جس میں کہا گیا کہ دونوں سینیٹرز آئینی ترمیم کے دوران رابطے میں نہیں تھے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر اپنے منحرف اراکین پارلیمنٹ زین قریشی، اسلم گھمن، مقداد علی خان اور ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے۔

 جن میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے ترامیم متعارف کروا کر عدلیہ کی آزادی پر حملے کرنے کا منصوبہ بنایا، اپنے سینیٹرز اور ایم این ایز کو ہدایات جاری کیں کہ بل کی حمایت نہ کی جائے۔

نوٹسز میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی سینیٹرز اور ایم این ایز کو ہدایت کی گئی ترامیم کو ووٹ نہ دیں اور وہ محفوظ اور مخصوص جگہ پر رہیں، ارکان پارٹی کی ہدایات پر عمل کرنے کے پابند تھے۔