پی ٹی آئی اجلاس سے بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن کو نکال دیا گیا
Brigadier (retd) Aslam Ghamman
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن کو باہر نکال دیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں آئینی ترامیم پر حکومتی حمایت کے فیصلے پر پارٹی کی جانب سے جاری کردہ تحقیقات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک وہ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکتے۔

واضح رہے کہ پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلم گھمن نے حکومتی حمایت کیلئے آئینی ترمیم کا فیصلہ کیا تھا،جو پارٹی پالیسی کے خلاف تھا۔پی ٹی آئی نے گزشتہ ہفتے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی پر چار اراکین کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے تھے۔ان اراکین میں شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی،اسلم گھمن،مقداد علی اور ریاض فتیانہ شامل ہیں۔

شوکاز نوٹس کے مطابق پارٹی نے تمام اراکین پارلیمنٹ کو آئینی ترامیم کی حمایت سے منع کیا تھا،لیکن مذکورہ اراکین نے مبینہ طور پر حکومتی حمایت جاری رکھی۔ پی ٹی آئی نے ان چاروں اراکین سے سات دنوں میں نوٹس کا جواب طلب کیا ہے۔

خیال رہے کہ پارٹی کی جانب سے اس اقدام کو تنظیمی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے،تاکہ پارٹی پالیسی کے خلاف کسی بھی اقدام کو روکنے میں مدد مل سکے۔