قاضی فائز عیسیٰ نے عمران خان کیخلاف فیصلے دیئے: شبلی فراز کا الزام
Shibli Faraz
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فیصلے دیئے۔

سینیٹ کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے ایک بار پھر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے دینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے ملکی سیاست میں غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں، ان کے اثرات دور رس ہیں، خیبر پختون خوا کے سینیٹرز کی غیرموجودگی اور وہاں الیکشن کا نہ ہونا ایک لمحۂ فکریہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا سے 10 سینیٹرز پی ٹی آئی کی طرف سے آئیں گے جو کہ پارٹی کی سیاسی قوت کی بحالی کا ایک اہم اقدام ہوگا، موجودہ حکومت کی قانونی حیثیت مشکوک ہے، قومی اسمبلی میں نشستیں مکمل نہ ہونا تشویشناک ہے۔

شبلی فراز نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہا ہے، اس صورتحال کی وجہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے جس کا براہ راست اثر عوامی زندگی پر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت اور سینیٹ دونوں مکمل نہیں ہیں، اس لیے آئین میں ترمیم کرنے کی کوششیں بے معنی ہے، اس وقت ملک میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاوہ کوئی بڑی سیاسی سرگرمی نہیں ہے، اگر ایوان کو مکمل کرنا ہے تو خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کرانا ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ شبلی فراز کے اس بیان سے قومی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے اور عوامی حلقوں میں بھی تشویش کی لہریں دوڑ اٹھی ہیں، ان کا سخت ردِعمل اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال کس قدر نازک ہے اور عوام کو حقوق کے تحفظ کے لیے کتنی زیادہ احتیاط برتنی ہے۔