اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی زیر صدارت اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم،ملکی سیاسی صورتحال اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پرنٹنگ پریس لگالیں،جتنی ترمیمیں چھاپنی ہیں چھاپ لیں،یہ بوگس اسمبلی ہے،ہاؤس مکمل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں کیے جانے والے اقدامات اور ترامیم غیر آئینی ہیں اور ان پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول کی بھی منظوری دی گئی،جس کے ذریعے حکومت کے خلاف ایک منظم احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک کا مقصد موجودہ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اجلاس سے بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن کو باہر نکال دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق اسلم گھمن کو آئینی ترامیم کے معاملے پر حکومتی حمایت کے الزام میں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا،جواب نہ دینے پر انہیں اجلاس سے باہر نکالا گیا۔