سینئر صوباٸی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ کی سموگ تیز ہوا کے نتیجے میں لاہور میں داخل ہو رہی ہے، گزشتہ روز ہوا تھمتے ہی لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 800 سے 191 پر آگیا، بچے ماسک پہنیں، امرض قلب اور سانس کے مریض کھلی ہوا میں نہ جائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سے چلنے والی 7 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز رفتار سے ہوائیں لاہور میں داخل ہونے سے آلودگی میں یکدم اضافہ ہوتا ہے، بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی بڑھی، تیز ہوا سے لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس بھی متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر شہری سے ماسک پہننے کی اپیل کی ہے، بچوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے سکول کا وقت صبح 8 بجکر 45 منٹ کیا گیا ہے، بچوں کو ماسک لازمی پہنائیں تاکہ انہیں موسمی شدت سے بچایا جا سکے، والدین اور سکول انتظامیہ سے اپیل ہے کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت نہ برتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو ماسک کے بغیر سکول نہ لے جائیں، یہ بچوں کی صحت کی ضرورت ہے، پھیپھڑوں، سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد اور بزرگ کھلی فضا میں نہ جائیں، ہم سب کا تعاون ہی اس مشکل سے نجات دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے عوام سے اپنی گاڑیوں کو چیک کرنے، ٹریفک جام سے بچنے اور فصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دھواں کرنے والی گاڑیاں کلیمپ ہونگی، کوٸی بھٹہ زگ زیگ کے بغیر نہیں چلے گا اور فصلوں کو آگ لکانے والے گرفتار ہونگے، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی کسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 یا گرین ایپ پر فوری اطلاع دیں۔