معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے
Dr Zakir naik
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)معروف مذہبی اسکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے ہیں،وہ حکومتِ پاکستان کے خصوصی دعوت نامے پر پاکستان آئے ہیں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کی آمد کی پاکستان آمد پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود نے اسلام آباد ایئرپورٹ پران کا استقبال کیا،علاوہ ازیں استقبال کرنے والوں میں وزارت مذہبی امور کے حکام بھی شامل تھے، ڈاکٹر ذاکر  نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد کی جانب روانہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ذاکرنائیک کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے، اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے،ایئرپورٹ پر موجود مسافروں  کی جانب سے بھی ان کا خیرمقدم کیا۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوگوں کے اجتماع  سے خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ عالمی شہریت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک کا ایک یوٹیوبر کے حالیہ پوڈ کاسٹ میں کہنا تھا کہ وہ اگر چاہتے تو بھارت سے نکل کر ملائیشیا جانے کی بجائے پاکستان میں بھی مستقل طور پر رہائش پذیرہوسکتے تھے،لیکن انہوں نے بعض وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے مزید یہ بھی بتایا کہ 2019 میں جب انہیں اس بات کا یقین ہوگیا کہ اب بھارت جانے کا کوئی امکان نہیں تو انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ لیا تھا،تاہم کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ کرسکے۔