موجودہ حکومت ترامیم کیلئے اہل نہیں:مولانا فضل الرحمان
Molana Fazal ur Rehman
پشاور:(سنو نیوز)مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ پارلیمان اتنی بڑی ترامیم کیلئے اہل نہیں ہے،کسی بھی پارٹی کے سیاسی مقاصد نہیں ہونے چاہئیں۔

مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان اتنی بڑی ترمیم کی حق دار نہیں،ان کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں ہے،جعلی پارلیمنٹ سے اتنی بڑی ترمیم کرانا سراسر ناانصافی ہوگی۔

انہوں نے کہا وزیراعظم شہبازشریف کی اقوام متحدہ میں تقریر کو سراہتے ہیں،سب کو ہوشیار رہنا چاہیے اور باہمی رابطوں کی طرف جانا چاہیے،ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن ہوں،حقیقی معنوں میں عوام کے نمائندے آئیں۔

 

پی ٹی آئی  کو جلسے کی اجازت نہ دینے والے معاملے پر انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت ہونی چاہئے، جلسے سے روکنا غیرجمہوری عمل ہے اور ہم غیر جمہوری عوامل کو ہرگز پسند نہیں کرتے۔

مولانا نے قانون سازی کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمان اتنی بڑی ترامیم کے لیے اہل ہی نہیں ہے،کوئی بھی سیاسی مقاصد کسی پارٹی کے نہیں ہونے چاہئیں،عدلیہ میں اصلاحات لاکر آئینی عدالت کی طرف لے جایا جائے اور جتنی بھی دھاندلی کرکے مینڈیٹ چرا لو ہم میدان میں ہی رہیں گے۔

مشرقی وسطی کی موجودہ صورتحال کا احاطہ کرتے ہوئے امیر جمیعت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بات اب صرف فلسطین تک محدود نہیں رہی،اسرائیل عرب دنیا اور خلیج تک جنگ کو وسعت دینا چاہتا ہے،یہ آگ پورے عرب ممالک کو لپیٹ میں لے سکتی ہے،عرب دنیا مشترکہ دفاعی نظام بنائے ورنہ آگ پورے خطے کو لپیٹ میں لے گی۔

مولانا کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الاقصیٰ کی آزادی تک جہاد جاری رہے گا،اسماعیل ہنیہ کے بعد حسن نصر اللہ کی شہادت دوسری بڑی قربانی ہے۔