اسرائیلی اخبارات کی عمران خان کی حمایت لمحہ فکریہ ہے:مفتی قاسم فخری
Mufti Qasim Fakhri
کراچی:(سنونیوز)تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر کراچی مفتی قاسم فخری نے اسرائیلی اخبارات میں عمران خان کی حمایت میں شائع ہونے والے آرٹیکل پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے۔

ٹی ایل پی کے امیرکراچی مفتی قاسم فخری نے کہا ہے کہ اسرائیل امت مسلمہ کا بد ترین دشمن اور معصوم فلسطینیوں کا قاتل ہے،مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ناجائز ریاست اسرائیل  کے اخبارات کی جانب سے عمران خان کی حمایت لمحہ فکریہ ہے، فرانس کے خلاف احتجاج کی پاداش میں ٹی ایل پی کو انڈین ایجنٹ کہنے والوں کو آج خود یہودی میڈیا نے اسرائیل کا ایجنٹ ڈکلئیر کر دیا۔

مفتی قاسم فخری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر پاکستانیوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی،پس پشت عمران خان یہودی لابی سے مل کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوششیں کرتے رہے ہیں،پی ٹی آئی ركن قومی اسمبلی اسما حدید کے زریعے اسرائیل کو امت مسلمہ کا خیر خواہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

مفی قاسم فخری نے مزید کہا کہ عمران خان نے قائد اعظم کے اسرائیلی  ریاست کو قبول نہ کرنے کے اصولی موقف سے بھی غداری کی کوشش کی،کل تک عمران خان کی ایماء پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے تحریک لبیک پاکستان پر فارن فنڈنگ کے بے بنیاد الزامات لگا کر کالعدم قراردے دیا تھا۔

تحریک لبیک پاکستان کے امیر کراچی نے کہا کہ آج دنیا بھر سے پاکستان دشمن قوتوں کی جانب سے عمران خان کی رہائی کی قراردادیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں،ماضی میں بھی عمران خان لندن میئر شپ الیکشن میں مسلمانوں کے مقابلے میں یہودیوں کی الیکشن کمپین چلاتے رہے ہیں۔

آخر میں انہوں نے قوم سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو چاہئے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جھوٹے نعروں کے بجاۓ حقائق کی روشنی میں فیصلہ کریں۔