پاکستانی طالبہ کا چین میں انتقال
September, 28 2024
بیجنگ:(ویب ڈیسک)پاکستانی طالبہ فرحانہ مشتاق، جو چین میں انتقال کر گئی تھیں، کی میت کو وطن لانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستانی سفارتخانے نے چین کے شہر تیانجنگ سے بیجنگ ایئرپورٹ تک میت کی منتقلی کا انتظام کیا، جہاں سے پی آئی اے کی پرواز کل صبح فرحانہ کی میت کو اسلام آباد ایئرپورٹ لے کر پہنچے گی۔
فرحانہ مشتاق کا تعلق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے خانپور سے تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ چین میں زیر تعلیم تھیں اور طبیعت کی خرابی کے باعث انتقال کر گئیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد سے پاکستانی سفارتخانہ فرحانہ کے اہل خانہ اور متعلقہ یونیورسٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا تاکہ میت کی وطن واپسی کے انتظامات فوری طور پر کیے جا سکیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے چند روز قبل اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ نہ صرف ورثا کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے بلکہ طالبہ کی یونیورسٹی اور انشورنس کمپنی سے بھی تعاون حاصل کر رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ انشورنس کمپنی نے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی کی حامی بھری ہے، جبکہ یونیورسٹی نے میت کی پاکستان منتقلی کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے کو لے کر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جہاں صارفین نے پاکستانی سفارتخانے اور متعلقہ حکام سے اپیل کی تھی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میت کی فوری وطن واپسی کے اقدامات کیے جائیں۔ کچھ افراد نے یہ شکایت بھی کی کہ سفارتخانہ مبینہ طور پر فیملی سے میت کی منتقلی کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔
تاہم، پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی اور بروقت اقدامات کرتے ہوئے میت کی واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔