عمران خان، شاہ محمود، شیخ رشید باعزت بری
Image
لاہور: (سنو نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور دیگر کو تھانہ آبپارہ مقدمے میں باعزت بری کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور دیگر کیخلاف تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔

 

بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید و دیگر کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ اور انصر کیانی نے دلائل دیے تھے۔ عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید و دیگر کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

 

 

دوسری جانب چیف جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شعیب شاہین عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

 

وکیل شعیب شاہین نے موقف اپنایا کہ ہم نے وزارت دفاع کو فریق بنایا ہے، سابقہ عدالتی احکامات تھے وہ بھی ساتھ منسلک ہیں۔

 

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے پٹیشن پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے پٹیشن پر نمبر لگانے کے بعد کیس کل مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

 

ادھر راولپنڈی انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرنے کرانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

 

عمران خان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میں بیٹوں سے واٹس ایپ پر ویڈیو کال پر بات کرنا چایتا ہوں۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی۔