اسلام آباد میں ڈاکوؤں نے معروف صحافی کو لوٹ لیا
a well-known and private channel journalist Nader Baloch
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں ڈاکوؤں نے ڈیرے ڈال لئے۔ وفاقی دارالحکومت میں معروف و نجی چینل کے صحافی نادر بلوچ کو لوٹ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں ڈاکوؤں نے معروف صحافی ناد ربلوچ کو لوٹ لیا۔ ڈاکو صحافی سے پرس، کار کی چابیاں اور ایک لاکھ مالیت سے زائد کا سامان چھین کر فرار ہوگئے۔

معروف صحافی نادر بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف 6 میں شل پمپ کے پاس ڈکیتی کی وادات ہوئی جہاں ڈاکو مجھ سے بٹوا، کار کی چابیاں اور 1 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان لیکر فرار ہوگئے۔

یاد رہے کچھ روز قبل مستونگ میں کلی گل کنڈ کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں صحافی نثار لہڑی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایس پی مستونگ کے مطابق پریس کلب آفس سیکریٹری کو گھر کے باہر قتل کیا گیا، صحافی کا قتل زمینی تنازع پر ہوا تاہم ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہے ہیں۔

صدر پریس کلب فیض دران نے مطالبہ کیا ہے کہ نثار لہڑی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

 گذشتہ ماہ گھوٹکی کے علاقے راونتی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں نجی ٹی وی سے وابستہ مقامی صحافی بچل گھنیو جاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کی وجہ ’پرانی دشمنی‘ ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل گھوٹکی میں نصراللہ گڈانی نامی ایک اور صحافی کو بھی گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نصراللہ گڈانی اپنے گھر سے میرپور ماتھیلو پریس کلب جا رہے تھے۔ دین شاہ کے قریب جروار روڈ پر کار میں سوار مسلح افراد نے صحافی پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔