عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوگا یا نہیں؟عمر ایوب نے بتا دیا
Leader of Opposition in the National Assembly Umar Ayub Khan is talking to the media.
سرگودھا:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہوگا۔
 
سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ جن پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف فوجی ٹرائل جاری ہیں، وہ سیاسی قیدی ہیں، تاہم عمران خان کا فوجی ٹرائل نہیں کیا جائے گا۔
 
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اگر عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوا تو وہ عوام کے سامنے ہوگا اور اس کے لیے فوج کو کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
 
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اختر مینگل کے اسمبلی سے استعفیٰ دینے کے سوال پر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اختر مینگل کو اپنا استعفیٰ واپس لینا چاہیے کیونکہ بلوچستان مشکلات کا شکار ہے، لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کرنے کے بعد قیمتیں مزید بڑھا رہی ہے، اور موجودہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
 
عمر ایوب خان نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ چینی اور گندم اسکینڈل میں محسن نقوی کا براہِ راست کردار ہے، اور ایف آئی اے جو اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، وہ بھی محسن نقوی کے ماتحت ہے۔