جیل میں مر جاؤں گا، غلامی قبول نہیں کروں گا: عمران خان
September, 5 2024
راولپنڈی:(سنو نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جیل کی چکی میں مر جاؤں گا ، مگرغلامی قبول نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ آج بتا رہا ہوں کہ ملک انقلاب کی جانب جا رہا ہے۔ مجھے بتایا جارہا ہے کہ طاقتور کے سامنے کھڑا ہونے کی جرات کیسے کی۔ بلوچستان میں مسائل بڑھتے جارہے ہیں ، اس کا حل ڈنڈے اور بندوقوں میں نہیں ہے۔ اختر مینگل درست کہہ رہےہیں، یہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ بہت خطرناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ختم کرنے کیلئے تین ڈائیمنشنز ہوتی ہیں، انٹیلی جنس، ڈائیلاگ اور پھر آپریشن۔اس وقت ملک میں ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے غیررسمی گفتگو کے آغاز پر ہی صحافیوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور سوال کیا کہ خان صاحب ایک سال سے ہم لوگ اپ کو کوور کررہے ہیں ہم تو فیئر رپورٹنگ کرتے ہیں،لیکن علیمہ صاحبہ نے الزام لگایا ہے کہ کچھ رپورٹرز ایجنسیوں سے ہیں، آپ پالیسی اسٹیٹمنٹ دیں کیا آپ ہم پر ٹرسٹ کرتے ہیں؟ کیا آپ کو صحافیوں پر اعتماد ہے؟
جس پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ علیمہ خان نے یہ ا سٹیٹمنٹ کیوں دی،میں ابھی ان سے اس بارے میں پوچھوں گا۔ مجھے آپ پر اعتماد ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ڈیزاسٹر ہوا اور محسن نقوی کا نام اخبارات میں نہیں چھپا۔ دنیا میں ہمارا مذاق ہو رہا ہے کہ بنگلا دیش نے ہمیں پھینٹا لگا دیا۔ اس سے نیچے ہماری کرکٹ نہیں گر سکتی۔ اکتوبر 21 میں ہم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا۔ محسن نقوی کے پاس کوئی تجربہ نہیں اور نہ ہی کوئی قابلیت ، ان کو اوپر لایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ بھی ملک میں تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری آئی۔ حکمران قرض پر قرض لیے جا رہے ہیں، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے۔ عقل مند ہوتے تو انہیں 8 فروری کے خاموش انقلاب سے جاگ جانا چاہیے تھا۔
عمران خان نے کہا کہ اب یہ سپریم کورٹ کا بیڑا غرق کرنے لگے ہیںکہ الیکشن فراڈ سامنے نہ آ جائے۔ دبئی میں تاریخی سرمایہ کاری پاکستانیوں نے گذشتہ اڑھائی سال کے دوران کی۔ اس سے احمقانہ فیصلے نہیں دیکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد 75 سال کی عورت اور کینسر سروائیور ہیں، ان کوجیل میں رکھا ہوا ہے۔ مجھے سبق سکھانے کیلئے 7 ماہ سے بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھا ہوا ہے۔ یہ مجھے بتا رہے ہیں کہ سائفر کے سامنے کیوں کھڑے ہوئے؟
عمران خان نے کہا کہ 8ستمبر کو قوم اپنی آزادی کیلئے ضرور باہر نکلے، یہ آپ کو غلام بنا رہے ہیں۔ اب یہ ججز کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ سرگودھا کے جج کو اٹھا کر لے گئے، کبھی ایسا ظلم نہیں دیکھا جو آج کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی نہ ہوتی تو وہاں بھی بلوچستان کی طرح اتنا ہی کرائسز ہوتا۔ اس کا حل یہ ہے کہ منتخب لوگوں کو آگے آنے دیں۔بلوچستان میں پتلے بٹھانے سے مسائل بڑھ گئے ہیں، حالات ہاتھ سے نکل رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے کہا کہ ملک بھر میں جینون لوکل باڈی الیکشن کی ضرورت ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کو جو رقم ملتی ہےوہ نچلی سطح تک نہیں پہنچتی۔انشاءاللہ جب بھی ہماری حکومت آئے گی سب سے پہلے لوکل باڈیز الیکشن کرائیں گے جس کا پلان بنا رکھا ہے۔
ضرور پڑھیں
گرین لینڈ میں کون سا خزانہ چھپا ہوا ، جس پر ٹرمپ کی نظر ہے؟
January, 14 2025
تاریخ کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری، ایک پاکستانی بھی شامل
January, 12 2025
ٹیکنالوجی کا شاہکار، بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی ایجاد
January, 12 2025
اوورسیز پاکستانی کی شادی میں خصوصی کنٹینر کا اہتمام، نوٹوں کی برسات
January, 12 2025