انہوں نے کہا کہ 23 جولائی 2023 کو پی ایم ہاوس میں ایک میٹنگ تھی،جس میں کہا اگر میری سیاست کی آپ کو ضرورت نہیں تو ہم کنارہ کر لیں گے، پھر میرے کارکنان جہاں بھی جائیں، جس بھی پارٹی میں جائیں اس کا کوئی ذمہ دار نہیں، اس سیاست سے بہتر ہے میں پکوڑے کی دکان کھول لوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے نصیحت کرنے والے شخص کی وفات ہو چکی، ان کی تدفین چھوڑ کر میں یہاں بات کرنے آیا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا، 65 ہزار ووٹرز مجھ سے ناراض ہوں گے لیکن میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔
قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومتی رکن دانیال چوہدری کا سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بل موخر کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) دانیال چوہدری نے ایوان میں سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا۔ اس موقع پر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہاں قانون و انصاف کی بات ہوتی ہے مگر زیر التوا کیسوں کی تعداد پہ بات نہیں ہوتی، ججوں کی تعداد کم ہونے کے باعث زیر التوا کیسوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل متعارف کروا رہے ہیں انہیں یہ پرائیویٹ بل کے طور پہ متعارف نہیں کروایا جا سکتا، آرٹیکل 74 کے تحت یہ بل نجی بل کے طور پہ نہیں کیا جا سکتا، ایسا کوئی بھی بل صرف وفاقی حکومت یعنی کابینہ منظور کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عمومی صورتحال محرک نے پیش کی ہے، کل سینیٹ میں بھی اس پہ سیر حاصل بحث ہوئی، ہماری آبادی 25 کروڑ ہے اور ججوں کی تعداد 17 ہے، کریمنل اور سول کیسز میں عبور بھی ایک معاملہ ہے، اگر ہم چھٹیوں پہ بات کرتے ہیں تو اسے چڑھائی سمجھا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ دو ماہ کی تعطیلات اس وقت ہوا کرتی تھیں جب ججوں کو یہاں سے بحری سفر کرنا پڑتا تھا، اب عدلیہ کو خود اس حوالہ سے سوچنا ہوگا، ابھی اس معاملہ پہ حکومت کا کوئی فیصلہ نہیں کہ تعداد بڑھانی ہے یا نہیں، سینیٹ میں کل ایسا ہی کیس کمیٹی کو بھیجا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج بے شک اس بل کو موخر کر دیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں، جوڈیشل اصلاحات ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہر چیز کو تعصب کی نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا۔
رکن جے یو آئی عالیہ کامران نے کہا کہ انہیں اچانک عوامی مفاد کا کیسے خیال آ گیا کہ کل سینیٹ سے بل آیا آج یہاں۔ جس پر اسپیکر نے عالیہ کامران پہ طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے ہی ہے جیسے آج نور عالم کو دہری شہریت بل یاد آئے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے بل موخر کر دیا۔
وزیر قانون نے کہاکہ حکومت نے فی الحال ججز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا، اس معاملے کو تفصیل سے دیکھ کر فیصلہ کر لیں گے،جس پر سپیکر نے سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل کو فی الحال موخر کردیا۔