معروف یو ٹیوبر اور آرٹسٹ عون علی کھوسہ رات گئے گرفتار
YouTuber artist Aoun Ali Khosa
لاہور: (ویب ڈیسک) یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان عوام کے لیے ’بِل بِل پاکستان‘ کے نام سے گانا ریلیز کرنے والے معروف یو ٹیوبر اور آرٹسٹ عون علی کھوسہ کو رات گئے نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر حراست میں لے لیا۔

یوٹیوبر عون کھوسہ کے بھائی علی شیر کھوسہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آدھی رات کو نا معلوم مسلح افراد نے ان کے بھائی عون کھوسہ کو حراست میں لے لیا ہے۔

بھائی علی شیر کھوسہ نے صارفین سے اپنے بھائی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس خبر کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں کیونکہ یہ ہمارے خاندان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عون کھوسہ کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی عوام کو جینے دیں، ہماری اخلاقی اقدار اور جمہوریت کو مزید تباہ نہ کریں، عون کھوسہ اور تمام مغوی لوگوں کو رہا کیا جائے کیونکہ یہ ناقابل قبول اورغیر قانونی ہے۔

واضح رہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر ریلیز کیا گیا عون کھوسہ کا گانا ’بل بل پاکستان‘ تیزی سے مقبول ہو رہا تھا تھا اور اسے عوام کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی تھی۔ صارفین کا کہنا تھا کہ عون چوہدری نے مزاحیہ کانٹینٹ کے ذریعے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔