ہر سوال کا جواب دینے والے گوگل کے نام کا مطلب کیا ہے؟

June, 14 2024
واشنگٹن:(ویب ڈیسک )اگر انٹرنیٹ کا متبادل لفظ کوئی ہوسکتا ہے تو وہ گوگل ہے جس کے بارے میں بچوں سے لے کر بوڑھوں تک سب کو پتہ ہے،یہ سب کو ان کے سوالوں کے جواب دیتا ہے لیکن مگر کیاآپکو معلوم ہے کہ گوگل کا ابتدائی نام کچھ اور تھا۔
اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ سٹینفورڈ یونیورسٹی کے سرورز پر 1996 میں لیری پیج اور سرگئی برن نامی دو لوگوں کی جانب سے اس پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا ،انہوں نے اول تو اس پراجیکٹ کا نام بیک رب رکھا جس کی وجہ یہ تھی کہ اس میں ویب کے بیک لنکس پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
مگر ایک سال بعد انہیں احساس ہوا کہ اس نام کو بدلنے کی ضرورت ہے اور انہوں نے گوگل کا انتخاب کیا۔
یہاں پر ایک سوال یہ ابھرتا ہے کہ آخر گوگل کا مطلب کیا ہے؟ اگر آپ گوگل پر یہ جاننے کی کوشش کریں تو اس حوالے سے بہت سے نتائج سامنے آتے ہیں ،کچھ کے مطابق اس کا مطلب گلوبل آرگنائزیشن آف اورینٹڈ گروپ لینگوئج آف ارتھ ہےلیکن یہ اصل مطلب نہیں ہے۔
اس حوالے سے اصل واقعہ کچھ یوں ہے کہ ایک دن سین اینڈرسن اور لیری پیج اپنے دفتر میں تھے اور وائٹ بورڈ کو استعمال کرکے کسی اچھے نام کے بارے میں سوچ رہے تھے جو بہت زیادہ ڈیٹا انڈیکس سے متعلق ہو۔
اس موقع پر سین اینڈرسن کے ذہن میں ایک نام آیا اور انہوں نے زبانی طور پر گوگول پلیکس نام تجویز کیا ،جب لیری پیج نے اسے سنا تو انہوں نے بھی زبانی جواب دیتے ہوئے اسے مختصر کرکے گوگول کر دیا۔
گوگول ریاضی کی ایک اصطلاح ہے جس میں ایک کے ساتھ 100 صفر لگائے جاتے ہیں۔
اس موقع پر سین اینڈرسن نے اس نام کو بیک رب پر سرچ کیا تاکہ معلوم ہو سکے کہ اس حوالے سے ڈومین نیم دستیاب ہے یا نہیں اور ایک تاریخی غلطی کی۔
سین اینڈرسن الفاظ کے سپیلنگ میں بہت اچھے نہیں تھے اور انہوں نے googol کے بجائے google.com لکھ کر سرچ کیا اور اس نام کا ڈومین دستیاب تھا۔
لیری پیج کو یہ نام پسند آیا اور چند گھنٹوں کے اندر انہوں نے گوگل ڈاٹ کام کو اپنے اور سرگئی برن کے نام سے رجسٹر کرالیا۔تو بنیادی طور پر گوگل کا مطلب گوگول نامی ریاضی کی اصطلاح ہے جس کے بارے میں اوپر بتایا جا چکا ہے اور اس سے کمپنی کی ویب کے لامحدود ڈیٹا کی عکاسی ہوتی ہے۔