سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز) وزارت خزانہ نے وفاقی سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
 
 یہ اضافے یکم جولائی 2024 ءسے نافذ العمل ہوں گے۔
 
تنخواہوں میں اضافہ: 
 
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق، گریڈ 1 سے 16 کے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ ہوگا۔ یہ اضافہ بنیادی تنخواہ پر دیا جائے گا۔
 
پنشن میں اضافہ:
 
 وفاقی ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ سول اور آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ ملازمین پر لاگو ہوگا اور یکم جولائی 2024 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کو بھی اس کا فائدہ ملے گا۔ پنشن میں یہ اضافہ ریٹائرڈ ملازمین کی نیٹ پنشن پر ہوگا۔
 
دیگر شرائط:
 
 نوٹیفکیشن کے مطابق، ایڈہاک ریلیف پنشن اور گریجوایٹی کے تعین میں شامل نہیں ہوگا۔ ملازمین کے ہاؤس رینٹ الاونس کے تعین میں بھی اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ 
 
وفاقی ملازمین کو بیرون ملک تعیناتی کے دوران ایڈہاک ریلیف الاونس نہیں دیا جائے گا، تاہم بیرون ملک تعیناتی اور ڈیوپوٹیشن سے واپسی پر ایڈہاک ریلیف الاونس لاگو ہو جائے گا۔
 
یہ اقدام وفاقی سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کے مالی حالات میں بہتری لانے کے لئے کیا گیا ہے۔
 
 حکومت کی جانب سے اس اضافے کا مقصد مہنگائی اور اقتصادی مشکلات کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
 
یہ اضافہ وفاقی ملازمین کے لئے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا اور انہیں اپنے مالی معاملات کو بہتر طریقے سے منظم کرنے میں مدد ملے گی۔ 
 
اس نوٹیفکیشن کے جاری ہونے سے وفاقی سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ حکومت کے اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔