لاہور میں شدید گرمی کا 11 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
Image
لاہور: (سنو نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ لاہور میں شدید گرمی کا 11 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
 
چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے کہا ہے کہ کل لاہور میں 45 اعشاریہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، 2013 کے بعد مئی کے مہینے میںیہ گرم ترین دن تھا۔
شاہد عباس کا کہنا تھا کہ 30 مئی 1944 کو درجہ حرارت 48 اعشاریہ 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا، 9 جون 2007 کو درجہ حرارت 48 ڈگری رہا تھا، مغربی ہواؤں کے زیر اثر اب درجہ حرار ت میں کمی کی توقع ہے، اگلے 3 روز میں 3 سے 4 ڈگری درجہ حرارت کم ہوگا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم رہے گا۔ رات میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا۔ دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ اور باجوڑ میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
 
صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہے گا۔ راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ مری ،گلیات اور گردو نواح میں بعداز دوپہر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
 
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم  شدید گرم رہے گا۔ شمالی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ بالائی اضلاع میں شدید گرم رہے گا۔ ساحلی علاقوں میں موسم گرم رہنے کے علاوہ گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش  کا امکان ہے۔
شدید گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرات کہاں پہنچ گیا؟