مارگلہ ہلز پر آگ لگنے کا معاملہ، گرفتار افراد سے تفتیش مکمل
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) مارگلہ ہلز پر آگ لگنے کے معاملے پر کلنجر گاوں سے گرفتار افراد سے تفتیش مکمل کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مارگلہ ہلز پر آگ لگنے کے معاملے پر جہانزیب، عابد حسین اور حسین بخش کو گرفتار کیا گیا۔ تینوں ملزمان کا تعلق راجن پور سے ہے۔ تینوں افراد شہد اکٹھا کرنے کی غرض سے مارگلہ ہلز جاتے تھے۔

 

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مارگلہ ہلز پر چھوٹی مکھی کے شہد کے گچھے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ تینوں افراد مکھیوں کو بھگانے کے لئے آگ اور دھوئیں کا استعمال کرتے تھے۔ شہد اکٹھا کرنے کے لئے فیصل مسجد کے عقب میں یہ کام کیا جاتا تھا۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو تحقیقات مکمل کرنے کے بعد جیل بھیج دیا۔

 

 یاد رہے 28 مئی کو وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو آگ سے ہونے والے نقصانات تک رسائی اور بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ زخمی جانوروں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔

 

واضح رہے کہ 27 مئی کو مارگلہ کی پہاڑیوں پر دو بڑی آگ لگ گئی تھیں جنہیں فائر فائٹرز نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے 7 گھنٹے بعد بجھایا۔

 

اس سے قبل 18 مئی کو مارگلہ کی پہاڑیوں میں جنگل میں آگ لگ گئی تھیجس کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی، تاہم کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے کہا ہے کہ لوئی ڈانڈی کے قریب آگ سخت گرمی کی وجہ سے بھڑک اٹھی اور بعد ازاں یہ 3 کلومیٹر کے علاقے تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیل گئی۔

 

حکام کا کہنا تھا کہ یہ رواں سیزن کے دوران جنگل میں لگنے والی پہلی آگ تھی، یہ آگ بظاہر شدید گرمی کی وجہ سے لگی جس نے لوئی ڈنڈی، رتہ ہوتر اور جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔