سیڑھیاں چڑھنے کی عادت صحت کیلئے کتنی مفید؟ جانیے
stair climbing benefits
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اگر آپ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو صرف چند منٹ کی جسمانی سرگرمی بھی آپ کے دل کو تندرست اور مضبوط بنا سکتی ہے۔

حال ہی میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے جیسی معمولی عادت دل کی صحت کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ تحقیق معروف طبی جریدے برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ دن بھر میں مختصر دورانیے کی جسمانی سرگرمیچاہے وہ چند منٹ ہی کیوں نہ ہو دل، پھیپھڑوں اور دیگر اہم اعضا کیلئے حیرت انگیز فائدے رکھتی ہے۔

تحقیق کے مطابق کارڈیو فٹنس دراصل جسم کی وہ صلاحیت ہے جس کے ذریعے یہ آکسیجن کو جذب کر کے تمام اعضا تک پہنچاتا ہے، جو صحت مند دل اور توانائی بھرے جسم کیلئے ضروری ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً ایک تہائی بالغ افراد اور 80 فیصد نوجوان وہ جسمانی سرگرمیاں نہیں کرتے جن کی عالمی ادارۂ صحت (WHO) سفارش کرتا ہے، یعنی ہفتے میں کم از کم 150 منٹ کی ورزش۔

اس تحقیق میں 414 افراد کو شامل کیا گیا جن کی روزمرہ زندگی زیادہ تر بیٹھنے پر مشتمل تھی۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ صرف 5 منٹ یا اس سے کم وقت کیلئے جسمانی سرگرمی اختیار کریں،جیسے کہ سیڑھیاں چڑھنا یا ہلکی ٹانگوں کی ورزش، محققین نے اس معمول کو ایکسسرسائز اسنیکس (Exercise Snacks) کا نام دیا۔

4 سے 12 ہفتوں کے بعد نتائج حیران کن نکلے، تحقیق میں شامل افراد کی کارڈیو فٹنس میں نمایاں بہتری دیکھی گئی، خون میں چکنائی کی سطح بہتر ہوئی اور دل کے پٹھے مضبوط بنے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق چھوٹی چھوٹی ورزشیں روزمرہ معمول میں شامل کرنا نہ صرف آسان ہے بلکہ انتہائی مؤثر بھی،اگر آپ لفٹ کے بجائے چند منزلوں تک سیڑھیاں چڑھنے کو عادت بنا لیں تو یہ آپ کے دل کیلئے ایک قدرتی دوا کی طرح کام کرے گا اور طویل المدتی طور پر دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرے گا۔