
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ جاپان کے ایک شہر میں پیش آیا، جہاں بھتیجے نے 52 سالہ چچا کے کھانے میں زہر ملا دیا۔
رپورٹس کے مطابق نوجوان نے چچا کو سوپ میں زہر پلا دیا جس کے بعد متاثرہ شخص کی حالت اچانک بگڑ گئی اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی بروقت کارروائی سے اس کی جان بچ گئی اور اب خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے اس کیخلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے چچا کے زور دار خراٹوں سے سخت تنگ تھا اور بارہا سمجھانے کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا۔ خراٹوں سے پریشان ہو کر اس نے انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
پولیس حکام کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزم نے یہ زہر کہاں سے اور کیسے حاصل کیا۔
دوسری جانب اس واقعے نے جاپانی عوام کو حیران کر دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ خراٹے اگرچہ ایک عام مسئلہ ہیں، لیکن یہ کسی بھی شخص کی زندگی کو اتنی حد تک متاثر کر سکتے ہیں کہ وہ اشتعال انگیز اقدامات تک پہنچ جائے۔