لیکن حال ہی میں ہونے والی ایک ریسرچ میں یہ بات عیاں ہوئی ہے کہ واک کرنے سے زیادہ مؤثر سیڑھیاں چڑھنا ہے۔ماہرینِ صحت کے مطابق اگر آپ اپنی معمول کی روٹین میں چند منٹ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کو اپنا لیں تو یہ مشق آپ کو فٹ رکھنے اور وزن کم کرنے میں بہت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
اب آپ کے ذہن و دماغ میں بھی یہی سوال ابھرا ہو گا کہ واک کرنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں کتنی کیلوریز برن کی جا سکتی ہیں؟
حال ہی میں یونیورسٹی آف میلان کے ڈاکٹر البرٹو منیٹی نے انسان کی فزیکل ایکٹیوٹی یا نقل و حرکت پر ایک وسیع ریسرچ کی ہے۔انہوں نے اپنی ریسرچ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایک سیدھی زمین پر واک کرنے کے مقابلے میں سیڑھیاں چڑھنے سے آپ 20 گنا زیادہ کیلوریز برن کرتے ہیں،حتیٰ کہ سیڑھیاں اترتے وقت بھی آپ 5 گنا زیادہ کیلوریز برن کر سکتے ہیں۔
انسان کی فزیکل ایکٹیوٹی پر ریسرچ کرنے والے ڈاکٹر البرٹو منیٹی نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیڑھیاں چڑھنا ایک قسم کی بہترین مشق ہے جو ہر کوئی باآسانی کر سکتا ہے۔ہمارے ارد گرد یا گھروں میں سیڑھیاں ضرور ہوتی ہیں،جم کے مقابلے میں یہ مفت میں میسر ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر البرٹو نے کیلوریز برن کرنے کے حوالے سے ایک آسان کیلکولیشن بھی بتائی ہے جس سے اس بات کا اندازہ لگانا آسان ہے کہ یہ وزن کم کرنے کیلئے کتنی مؤثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسم کے ایک گلوگرام کو زمین پر ایک میٹر تک چلنے کیلئے 0.5 کیلوریز خرچ ہوتی ہیں،اسی طرح اگر ایک کلوگرام کو ورٹیکل ایک میٹر یعنی سیڑھیاں چڑھائی جائیں تو ایسا کرنے میں 10 کیلوریز خرچ ہوں گی۔یعنی زمین پر چلنے کے مقابلے میں چڑھائی چڑھنا 20 گنا زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر البرٹو کی سائینٹیفک تحقیق کے مطابق سیڑھیوں پر سپورٹ کیلئے موجود گرل سیڑھیاں چڑھتے وقت بازؤں کے پٹھوں کیلئے بھی بہت مؤثر ہوتی ہے۔
مطالعے کے مطابق سیڑھیوں کی چڑھائی کے وقت گِرل کا سہارا لینے سے بازو کا پٹھا بھی مشق میں شامل ہو جاتا ہے جو کچھ نہ کرنے سے بہت بہتر ہے۔
غیر سرکاری و غیر منافع بخش ایسوسی ایشن یورپیئن سوسائٹی آف کارڈیولوجی کی جاب سے رواں برس اپریل میں ایک ریسرچ پیش کی گئی تھی جس میں ماہرین نے کہا تھا کہ سیڑھیاں چڑھنا دل کی صحت کیلئے بھی بہت مفید ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق دل کی صحت کیلئے ایکسرسائز یا فزیکل ایکٹیوٹی بہت مدد فراہم کرتی ہے اور سیڑھیاں چڑھنا ایکسرسائز کی ایک آسان اور مؤثر قسم ہے۔
ماہرینِ صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی روٹین اور کاموں میں لفٹس کی جگہ سیڑھیوں کے استعمال کو عادت بنا لیں۔