راکھی ساونت کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ راکھی ساونت کے ٹی وی شو ’راکھی کا انصاف‘ میں ایک شخص کے خلاف مبینہ توہین آمیز ریمارکس سے متعلق ہے، جس نے بعدازاں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔
فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ اداکارہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو نے بتایا کہ مقدمے کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔
یہ کیس جھانسی کے علاقے ہنساری پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے، جو 10 نومبر 2010 کو انتقال کرگئے تھے۔ ان کی والدہ ساوتری نے مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ راکھی ساونت نے اکتوبر 2010 میں نشر ہونے والے اپنے پروگرام میں ان کے بیٹے کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔ تاہم یہ الزامات عدالتی کارروائی کا حصہ ہیں۔