سینئر تھیٹر فنکار آصف اقبال خالقِ حقیقی سے جاملے
ان کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز اور تھیٹر حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آصف اقبال کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کے انتقال کی خبر نے تھیٹر سے وابستہ فنکاروں اور دیگر شوبز شخصیات کو سوگوار کردیا۔ مرحوم طویل عرصے سے پاکستانی تھیٹر سے وابستہ تھے اور اپنی منفرد اداکاری، برجستگی اور مزاحیہ انداز کے باعث شائقین میں خاص مقام رکھتے تھے۔
آصف اقبال نے اپنے فنی کیریئر کے دوران متعدد اسٹیج ڈراموں میں کام کیا اور مختلف کرداروں کو اپنی مخصوص اداکاری سے یادگار بنایا۔
ان کی پرفارمنس میں برجستہ مکالموں اور مزاح کا عنصر نمایاں رہتا تھا، جس کی وجہ سے وہ تھیٹر دیکھنے والے ناظرین میں مقبول تھے۔
ان کے انتقال پر ساتھی فنکاروں، مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ فنکار برادری نے آصف اقبال کی تھیٹر کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی اور ان کا کام شائقین کو ان کی یاد دلاتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ہانیہ عامر کا نیا روپ، مداح حیران رہ گئے
مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق آصف اقبال کی نماز جنازہ اور تدفین کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ اہل خانہ نے مداحوں اور دوست احباب سے مرحوم کے لیے دعا کی درخواست بھی کی ہے۔