عثمان پیرزادہ اور حمیرا بانو کی شادی؟ حقیقت جانیے
حمیرا بانو کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد چونکہ انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ ظاہر نہیں کیا تھا، اس لیے بعض سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز نے دعویٰ شروع کردیا کہ انہوں نے عثمان پیرزادہ سے شادی کی ہے اورعثمان نے اپنی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کو طلاق دے دی ہے۔
افواہ تیزی سے پھیلنے کے بعد عثمان پیرزادہ نے ایک مارننگ شو میں شرکت کے دوران اس دعوے کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے، تاہم اتنا ضرور جانتے ہیں کہ ان کی گزشتہ 45 برس سے ایک ہی اہلیہ ہیں اور وہ دعا کرتے ہیں کہ وہ آئندہ 50 برس تک بھی ان کی شریکِ حیات رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ نے سابق اہلیہ ایمان کو ایک اور نوٹس بھجوا دیا
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ محض پیسہ اور کلکس حاصل کرنے کے لیے لوگ اس قسم کی جھوٹی خبریں کیوں بناتے ہیں۔ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ حمیرا بانو کے ساتھ ان کا نام جوڑنے کے پیچھے کیا مقصد تھا۔
عثمان پیرزادہ کے مطابق اس افواہ سے انہیں اور حمیرا بانو کو تو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم مداح ضرور پریشان ہوئے اور انہیں اس حوالے سے متعدد فون کالز موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بارے میں اس نوعیت کی افواہیں پہلے بھی ہزاروں مرتبہ پھیلائی جاچکی ہیں، اس لیے وہ ایسی باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ حمیرا بانو اور ان کے حقیقی شوہر سے بھی اس معاملے پر بات کرچکے ہیں اور تینوں نے اس افواہ کو سن کر صرف ہنسی مذاق کیا۔
دوسری جانب حمیرا بانو نے بھی واضح کیا کہ ان کی شادی کسی اور شخص سے ہوئی ہے اور ان کے شوہر کا شوبز یا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق وہ نہ فنکار ہیں اور نہ ڈائریکٹر۔
بعد ازاں حمیرا بانو کے شوہر کی تصویر بھی سامنے آگئی، جس سے سوشل میڈیا پر عثمان پیرزادہ کے ساتھ ان کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کی حقیقت واضح ہوگئی۔