معروف اداکارہ رِدھیکا رِدھی کی گھر سے لاش برآمد
پولیس کے مطابق رِدھیکا رِدھی ہفتے کی صبح تقریباً 6 بجے اپنے گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ اہلخانہ اور متعلقہ افراد نے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کردی۔
وٹارا پولیس اسٹیشن کے انچارج مظہر الاسلام نے بتایا کہ ہسپتال پہنچنے پر پولیس نے اداکارہ کی لاش تحویل میں لے لی۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے آسکے۔
واضح رہے کہ رِدھیکا رِدھی بنگلہ دیش کی شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھیں، انہوں نے ماڈلنگ کے ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور متعدد ڈراموں میں کام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:رجب بٹ کی سابق اہلیہ ایمان کا اہم دعویٰ، سالگرہ پر دو قانونی نوٹس موصول
اداکارہ کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔