غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی موت خودکشی کے باعث ہوئی، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آ سکی، لاس اینجلس کے میڈیکل ایگزامنر نے اداکار کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔
اداکار کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں تم سے ہزار بار محبت کرچکی ہوں اور جانتی ہوں کہ دوبارہ بھی کروں گی۔ ان کے اس پیغام نے مداحوں کو مزید رنجیدہ کر دیا۔
جیمز رینسن کی اچانک موت کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
جیمز رینسن کو عالمی شہرت مقبول امریکی ٹی وی سیریز دی وائر کے دوسرے سیزن میں زیگی سوبوٹکا کے کردار سے ملی تھی، ان کا یہ کردار ناظرین میں بے حد مقبول ہوا اور جلد ہی سیریز کے یادگار کرداروں میں شمار ہونے لگا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی میڈیا سٹار کے گھر پراسرار آوازیں، خوفزدہ انکشاف
ناقدین کے مطابق رینسن نے اپنے کردار میں انسانی کمزوریوں اور جذبات کو غیر معمولی انداز میں پیش کیا، جو ان کی اداکاری کا خاصہ تھا۔
جیمز رینسن نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد ٹی وی شوز اور فلموں میں کام کیا، وہ ایک باوقار اور سنجیدہ اداکار کے طور پر جانے جاتے تھے، جو ہر کردار کو حقیقت کے قریب لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے تھے۔
ان کی اداکاری میں گہرائی، درد اور سچائی نمایاں نظر آتی تھی، جس کی وجہ سے وہ مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں بے حد محترم سمجھے جاتے تھے۔