شادی پر کروڑوں کی جیولری اور لباس، ڈاکٹر نبیہا نے وضاحت دے دی
سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر نبیہا نے اپنی شادی پر زیب تن کیے گئے مہنگے عروسی جوڑے اور زیورات کی مالیت کے حوالے سے وضاحت دے دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر نبیہا نے اپنی شادی پر زیب تن کیے گئے مہنگے عروسی جوڑے اور زیورات کی مالیت کے حوالے سے وضاحت دے دی۔

گزشتہ روز لاہور میں ڈاکٹر نبیہا کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں وہ اپنی دوست حارث کھوکھر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے ان کا نکاح پڑھایا۔

شادی کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نبیہا نے دعویٰ کیا کہ ان کے عروسی جوڑے کی قیمت ایک کروڑ جبکہ زیورات کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔

ڈاکٹر نبیہا علی خان کی اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر اب ان کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

ٹی وی میزبان نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے عروسی جوڑے اور زیورات کی قیمتوں کے بارے میں غلط بیانی کی تھی، ان کے بتائے گئے دعوے محض زبان کی لغزش تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر نبیہا علی کی دوسری شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات خوشی میں انسان کے منہ سے غلط بات نکل جاتی ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، میں خوشی میں لاکھوں کی چیز کی قیمت کروڑوں میں بتا بیٹھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جو بھی پہنتی ہوں، وہ کروڑوں کا ہی لگتا ہے، کیونکہ میں ہمیشہ کروڑوں میں ہی سوچتی ہوں اور میں خود بھی کروڑوں میں ایک ہوں، لوگوں کو میرے بارے میں حد سے زیادہ سوچنا چھوڑ دینا چاہیے۔