اسلام قبول کرنے والی امریکی گلوکارہ کی روح پرور تلاوتِ قرآن،ویڈیو وائرل
Jennifer Grout Quran recitation
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام قبول کرنے والی معروف امریکی گلوکارہ جینیفر گراؤٹ کی قرآنِ پاک کی دل کو چھو لینے والی تلاوت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے۔

ویڈیو میں جینیفر کو نہایت خشوع و خضوع، پُرسکون لہجے اور عقیدت بھری آواز میں قرآن مجید کی آیات تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی یہ ویڈیو عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے ایک پروگرام کے دوران ریکارڈ کی گئی، جس نے دیکھنے والوں کے دلوں کو گہرائی تک متاثر کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے جینیفر گراؤٹ کے اندازِ تلاوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی آواز میں روحانیت اور خلوص کی جھلک نمایاں ہے، کئی صارفین نے ان کے ایمان اور اخلاص کو روح کی گہرائی سے نکلنے والی تلاوت قرار دیا۔

ذہن نشین رہے کہ جینیفر گراؤٹ نے 2013 میں عرب دنیا کے معروف شو عربز گاٹ ٹیلنٹ میں شرکت کی تھی، عربی زبان نہ جاننے کے باوجود انہوں نے عربی گیت گاکر پوری عرب دنیا میں بےپناہ مقبولیت حاصل کی۔

بعدازاں جینیفر نے اسلام قبول کیا، جس کے بعد ان کی زندگی کا رخ بدل گیا۔ وہ نہ صرف اسلامی تعلیمات سے گہرا تعلق رکھتی ہیں بلکہ قرآنِ کریم کی باقاعدہ تلاوت اور فہم میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔

جینیفر گراؤٹ کا تعلق امریکا سے ہے تاہم وہ تقریباً چار سال تک مراکش میں رہائش پذیر رہیں، جہاں انہوں نے عربی اور اسلامی ثقافت کو قریب سے سمجھا، اپنے ایمان لانے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اسلام نہیں چُنا بلکہ اسلام نے مجھے چُنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کی تلاوت محض الفاظ کا بیان نہیں بلکہ ایک روحانی تجربہ ہے، جس کے ذریعے انسان خدا کے کلام کو عقیدت، فن اور محبت کے ساتھ محسوس کرتا ہے۔