 
                                عزیر عباسی کا شمار پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکاروں میں ہوتا تھا، انہوں نے ایک ستون کی حیثیت سے کئی دہائیوں تک ٹی وی سکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ، ان کے متعدد یادگار کردار شائقین کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنا گئے۔
عزیر عباسی نے ڈرامہ سیریل ’انتقام‘ میں رشید بابا کے کردار سے اپنے فن کے جوہر دکھا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوا، جہاں ان کی شاندار اداکاری اور شائستہ اردو تلفظ سے ناظرین بے حد متاثر ہوئے، انہوں نے اپنے فنی سفر کے دوران’کراچی ڈویژن‘، ’باشو‘، ’ہیر رانجھا‘ اور ’کھلونا‘ جیسے مشہور سیریلز اداکاری کے جوہر دکھائے۔
مرحوم کا تعلق ایک ایسے فنکار خاندان سے تھا جس کی بنیادیں پاکستانی انڈسٹری میں موجود ہیں، عزیر عباسی کے بڑے بھائی زبیر عباسی بھی شہرت یافتہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے جبکہ موجودہ دور کے مقبول اداکار شمعون عباسی ان کے بھتیجے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سینئر اداکار ستیش شاہ انتقال کرگئے
شمعون عباسی نے اپنے چچا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’’ آج میرے پیارے چچا ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، براہِ کرم ان کی مغفرت کے لیے سورۃ الفاتحہ پڑھیں‘‘۔
عزیر عباسی کے انتقال کی خبر پر ان کے مداح اور ساتھی فنکار وں میں غم کی لہر دوڑ گئی، شوبز شخصیات کی جانب سے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے دعائیں کی جارہی ہیں۔
 
                         
                         
                         
                        