فلم انڈسٹری کے نامور اداکار مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی
فلم انڈسٹری کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ولن مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
مصطفیٰ قریشی کی تازہ تصویر
کراچی: (سنو نیوز) فلم انڈسٹری کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ولن مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔

رپورٹ کے مطابق700 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی فلم انڈسٹری کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ولن مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، ڈاکٹرز نے مصطفیٰ قریشی کو مکمل بیٹ ریسٹ کی تجویز دیتے ہوئے 6 ہفتے تک گھر سے نہیں نکلنے سے منع کردیا۔

اداکار مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ فجر کی نماز کے بعد گھر کے باہر واک کر رہا تھا، سڑک کھدی ہوئی تھی جس کی وجہ سے ٹوٹی ہوئی سڑک میں پاؤں پھنس گیا، میں بری طرح گرا، میرا سر سڑک سے ٹکرایا اور ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، شکر ہے آنکھ بچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے کہ وہ شہر کی سڑکیں بنا دیں، مجھے آج رضا ربانی کی کتاب کی تقریب میں جانا تھا، مگر نہیں جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان نے کراچی سے معافی مانگ لی

واضح رہے کہ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کی عمر 80 برس سے زائد ہے اور انہوں نے 1970 کی دہائی سے قبل ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، انہوں نے ابتدائی طور پر ریڈیو پاکستان اور بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور پھر فلمی دنیا میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مصطفیٰ قریشی نے 500 سے زائد پاکستانی فلموں میں جاندار اداکاری سے مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا، مادری زبان سندھی ہونے کے باوجود انہوں نے پنجابی زبان کی فلموں میں بھی شاندار کام کیا اور وہ پنجابی فلموں سے ہی شہرت کی بلندیوں کو پہنچے۔