
معروف اداکارہ ماہرہ خان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کراچی کی دیکھ بھال نہ کرنے پر ایک طویل نوٹ لکھ کر معافی مانگ لی۔ انہوں نے لکھا کہ کبھی کبھی میں اپنے شہر کو دیکھ کر حیران رہ جاتی ہوں، میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میرا کام مجھے ایسی جگہوں پر لے جاتا ہے جہاں میں شاید کبھی نہیں گئی ہوں گی، گلیوں اور چھوٹی بستیوں کو میں نے دیکھا ہے۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ پریشانیاں، ہم سب کو ہیں لیکن میں نے ایسے لوگوں اور جگہوں کو دیکھا ہے جو ہمیشہ سے مشکلات کا شکار رہے ہیں، ایسے گھر جہاں گھنٹوں تک بجلی نہیں ہوتی، روزانہ کھانے کے لیے مشکلات کچھ ہفتوں سے جمع ہونے والی گندگی، شہر میں امیر اور غریب کا فرق بہت زیادہ ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے یہ سب دیکھا لیکن یہ بھی دیکھا کہ بچے ہنس رہے ہیں، ایک یا دو بچے سکول سے واپس آرہے ہیں، ایک ماں بیٹے کے لیے تازہ پراٹھے بنا رہی ہے جو روزی کمانے کے لیے نکلی ہے، میں نے ایک گلی کو دیکھا جہاں ایک مندر، چرچ اور ایک مسجد ہے، میں نے مسکراہٹیں دیکھیں جن میں اداسی تھی پھر بھی پرامید تھے، جدوجہد کے اندر زندگی دیکھی۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ برنس روڈ سے تصویر شروع کی اور پھر چھوٹی گلیوں کو اپنی ویڈیو میں دکھایا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ کراچی میں آپ سے پیار کرتی ہوں، مجھے افسوس ہے کہ ہم آپ کی دیکھ بھال نہیں کرسکے جس طرح آپ ہم سب کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔



