نامور قوال استاد رشید احمد خاں خالقِ حقیقی سے جاملے
Ustad Rasheed Ahmad Khan death
فائل فوٹو
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) قوالی کی دنیا آج ایک اور بڑے فنکار سے محروم ہوگئی، معروف قوال استاد رشید احمد خاں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

استاد رشید احمد خان کا تعلق فیصل آباد سے تھا، جہاں اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق استاد رشید احمد خاں کو جمعرات کی صبح دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر موسیقی اور قوالی سے وابستہ حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضھ رہے کہ استاد رشید احمد خاں کا شمار پاکستان کے ان قوالوں میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنے فن سے قوالی کو نئی روح بخشی۔

وہ استاد نصرت فتح علی خاں کے شاگرد اور راحت فتح علی خاں کے قریبی ساتھی تھے۔ انہوں نے متعدد محفلوں اور عالمی سطح پر ہونے والے قوالی پروگراموں میں اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

مرحوم استاد رشید رفیق خاں کے بڑے بھائی بھی تھے، دونوں بھائیوں نے مل کر کئی یادگار قوالیاں پیش کیں۔ ان کے مداحوں کے مطابق وہ نہ صرف ایک عمدہ گلوکار بلکہ نہایت منکسرالمزاج اور سادہ طبیعت کے انسان تھے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ آج دوپہر 2 بجے 192 ر ب رسول نگر، فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔